انقرہ ،یکم فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ترک فضائیہ نے عراق کے شمالی حصے میں بمباری کرتے ہوئے 49 کرد باغیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ انقرہ حکومت کے مطابق کردستان ورکرز پارٹی سے وابستہ یہ جنگجو ترکی میں ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ذرائع کے مطابق ترک فضائیہ نے عراق کے شمالی علاقوں میں کرد باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ترک فوج نے تصدیق کر دی ہے کہ شمالی عراق میں کالعدم کردستاں ورکرز پارٹی کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم ازکم انچاس جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔یہ کارروائی رواں ہفتے کے آغاز پر کی گئی۔ پیر کے دن کی گئی اس بمباری کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس دہشت گرد گروہ کے متعدد ٹھکانوں اور اسلحہ ڈپوؤں کو تباہ کر دیا گیا۔ ترک فوج کے مطابق مجموعی طور پر اس باغی تحریک کے انیس ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ذرائع کے مطابق ترک فوج کے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ دو فضائی کارروائیاں زاپ ریجن اور ہرکوک ریجن میں کی گئیں۔ذرائع کے مطابق کامیاب فضائی کارروائی کرتے ہوئے مطلوبہ اہداف حاصل کر لیے گئے۔ مزید کہا گیا ہے کہ اس باغی تحریک کے جنگجو ترک سرحدی علاقوں میں حملوں کی منصوبہ بندی میں تھے۔ترک فوج ماضی میں بھی شمالی عراق میں مبینہ طور پر محفوظ ٹھکانے بنائے ہوئے ان کرد باغیوں کے خلاف کارروائی کر چکی ہے۔ تاہم شامی علاقے عفرین میں بیس جنوری کو شروع ہونے والی ترک افواج کی متنازعہ فوجی کارروائی کے بعد پہلی مرتبہ عراق میں بھی ان باغیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔